1,589

ہندوستانی طلبہ نے سعودی عرب میں ملک کا نام روشن کیا


اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ کے آٹھویں عالمی ثقافتی میلے میں ہندوستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی
مدینہ منورہ:13/مارچ(محمد انس فلاحی سنبھلی)
اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ میں پندرہ روزہ عالمی ثقافتی میلے کا انعقاد ہوا،جس میں تقریباً 100 ممالک کے طلبہ نے اپنے اپنے ملکوں کی نمائندگی کی۔اس دوران انہوں نے اپنے ملک کی تہذیب وثقافت،اپنے ملک کے بارے میں معلومات،نمایاں چیزیں، روایتی ملبوسات اور کھانے کی مختلف ڈشوں سے مشاہدین کو متعارف کرایا۔ہندوستانی طلبہ نے کافی محنت اور جدو جہد کے ساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کی ، انہوں نے حیدرآباد کے چار مینار ،لال قلعہ، تاج محل، انڈیا گیٹ، گیٹ وے آف انڈیا کے مجسموں کے علاوہ مختلف بینرس پر اپنے ملک کی معلومات پیش کیں، جن میں ملک کے تاریخی وسیاحتی مقامات کی تصویریں، ہندوستان کی جامعات ومدارس اور مخطوطات کے مراکز، نیز مشہور میڈیکل ہاسپٹلس کا تعارف، ہندوستان اور سعودی عرب کے تعلقات، اسلامی یونیورسٹی کے نمایاں ہندوستانی فارغین اور ان کی تصانیف کے بھی بینرس لگائے گئے تھے،جو آنے والے زائرین کی خصوصی توجہ کا مرکز تھے ۔ روزانہ سامانِ ضیافت کے لیے چائے، چنا، سون پاپڑی، سموسے، پاپڑ، جلیبی، سونف، اور مختلف چیزیں بھی پیش کی گئیں۔اسی کے ساتھ اپنے ملک کی مختلف اشیا فروخت کے لیے بھی رکھی گئی تھیں ،جن میں کشمیری زعفران، عود ہندی اور ہندوستانی مسالے تھے ،جو زائرین کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔اسلامی یونیورسٹی نے اس عالمی ثقافتی میلے میں مختلف مقابلوں کا انعقاد اور ان میں کامیاب ہونے والے طلبہ کے لیے انعامات بھی رکھے تھے ۔خوشی اور مسرت کی بات ہے کہ ہندوستانی طلبہ نے ہر مقابلے میں کوئی نہ کوئی پوزیشن حاصل کی ہے۔ قہوہ کے مقابلے میں تیسری پوزیشن،روایتی ملبوسات میں دوسری پوزیشن، خوش اخلاقی میں پہلی پوزیشن، کھانوں کے مقابلے میں دوسری پوزیشن (جس میں انہوں اپنے ملک کی 72 ؍ڈشیں پیش کی تھیں)، یومیہ عوامی ووٹنگ میں پہلی پوزیشن اور مجموعی طور پر اس عالمی ثقافتی میلے میں تیسری پوزیشن حاصل کرکے 20000؍ریال کے انعام سے نوازے گئے ہیں۔اس عالمی ثقافتی میلے میں مختلف ممالک کے سفرااور مختلف اداروں کے ذمہ داران بھی آئے تھے۔ہندوستانی اسٹال پر غامبیا،انڈونیشیا اور برطانیہ کے سفیر تشریف لائے اور ہندوستانی طلبہ کی کوششوں کو سراہا اور ہندوستانی ثقافت کے خوشنما مظاہرے پر خوشی کا اظہار کیا۔

اس عالمی ثقافتی میلے کے نتائج کا اعلان کل رات ہونے والے پروگرام میں کیا گیا، جس میں پہلی پوزیشن یمن، دوسری پوزیشن فلپین، تیسری پوزیشن ہندوستان، چوتھی پوزیشن افغانستان اور پانچویں پوزیشن چاڈ اور ترکی نے حاصل کی۔اس پروگرام میں اسلامی یونیورسٹی کے چانسلر حاتم بن حسن المرزوقی اور مختلف فیکلٹیز کے ذمہ داران شریک ہوئے۔ محترم چانسلر نے طلبہ کی کوششوں کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ ہندوستانی طلبہ کوملنے والی اس عظیم کامیابی میں پرویز احمد، معین الدین صدیقی، قاضی سفیان محمدی، عبداللہ عبدالرحمن سنابلی، عمار اجمل اصلاحی، شیبۃ الحمد اور ان کے ساتھیوں کانمایاں رول رہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں