192

کل ہندونیپال مسابقۂ حفظ و تجوید میں دارالعلوم اسراریہ سنتوشپور کے تین طلباء کی امتیازی کامیابی

پورنیہ:مرکزالامام ابن جریر للقرآن منجھیلی پورنیہ ،بہارکے زیر اہتمام 7،8مارچ کو منعقدہ کل ہند ونیپال مسابقہ حفظ و تجوید کے تین زمروں میں دارالعلوم اسراریہ سنتوشپور کولکاتا کے تین طلباء نے اول پوزیشن حاصل کرکے اپنے ادارہ ، اساتذۂ کرام اور والدین کانام روشن کیا ہے۔پہلے زمرہ (مکمل حفظ قرآن کریم)میں دارالعلوم اسراریہ کے راقب الدین بن حاجی راشد جمال نے اول پوزیشن،جامعہ سلفیہ بنارس کے عبداللہ نے دوم پوزیشن اورجامعہ اظہریہ مؤ، یوپی کے صادق نے سوم پوزیشن حاصل کی۔ دوسرے زمرہ(نصف قرآن)میں دارالعلوم اسراریہ کے اطہر ضیاء بن امام مولانا مظہرنے پہلی پوزیشن ،جامعہ اظہریہ مؤ کے محمد سالم انصاری نے دوم پوزیشن اورمعہد الفقہاء پرسونی ،پورنیہ کے رحمت اللہ نے سوم پوزیشن حاصل کی اور تیسرے زمرہ(پانچ پارہ حفظ ) میں دارالعلوم اسراریہ سنتوشپور کے نعیم الدین بن قطب الدین نے اول پوزیشن ،مدرسہ ظہور العلوم کٹیہار کے محمد وقاص نے دوم پوزیشن اور جامعہ عصریہ مؤکے محمد شکیل نے سوم پوزیشن حاصل کی۔ پہلے زمرہ میں کامیاب ہونے والے طلباء کو بالترتیب چودہ ہزار،نوہزار اور چھ ہزار روپے ، دوسرے زمرہ میں کامیاب ہونے والے طلباء کو چھ ہزار،چارہزار اور تین ہزار روپے اور تیسرے زمرہ میں کامیاب ہونے والے طلباء کو چار ہزار،تین ہزاراور دوہزار روپے نقد بطورانعام دیے گئے ،اس کے علاوہ تینوں زمروں میں کامیاب ہونے والے طلباء کوہزارہزار روپے کی کتابیں اور بیگ بھی انعام کی شکل میں دیے گئے۔ اس موقع پر دارالعلوم اسراریہ سنتوشپور کے مہتمم مولانا نوشیر احمد نے اپنے تمام کامیاب ہونے والے طلباء ،ان کے اہل خانہ اور خاص طورپر ان کے اساتذۂ کرام کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس مدرسہ کے بانی و سابق سرپرست حضرت مولانا اسرارالحق قاسمیؒ کی نسبت ، روحانیت اور اس ادارہ کے لیے کی گئی ان کی دعاؤں کی برکت سے یہ ادارہ مسلسل تعلیمی میدان میں کامیابی حاصل کررہاہے ۔ ان شاء اللہ اس سے مدرسہ کے دیگر طلباء کابھی حوصلہ بڑھے گااور قرآن کریم کوتجوید کی رعایت کے ساتھ پڑھنے اور اسے یاد رکھنے کے سلسلے میں ان کے اندر جوش پیدا ہوگا اور ان شاء اللہ ضلعی،ریاستی وملکی سطح پر منعقد ہونے والے مسابقوں میں خوداعتمادی کے ساتھ اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کر نے کے قابل ہوسکیں گے۔مدرسہ کے نگراں انجینئر وقار احمد نے اس خوشی کی گھڑی میں مدرسے کے باصلاحیت ومحنتی اساتذۂ کرام کے لیے بھی خصوصی اعزاز و اکرام کا اعلان کیاہے۔قابل ذکرہے کہ اس مہینے کے شروع میں ادارہ دعوۃ السنہ مہاراشٹر کے زیر اہتمام منعقدہ کل ہند مسابقہ قرآن کریم میں بھی اس مدرسہ کے طالب علم نے نمایاں کامیابی حاصل کرکے اکابر علماء سے دادوتحسین حاصل کی ہے،اس کے علاوہ گزشتہ سالوں میں اکل کوا،مغربی بنگال ، الہ آباداور اس سال آل کولکاتا مسابقوں میں بھی یہاں کے طلباء امتیازی کامیابی حاصل کرچکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں