148

کتاب میلے میں پروفیسر ابن کنول کی کتاب’’ اردو شاعری‘‘ کی رونمائی

نئی دہلی:11/جنوری(پریس ریلیز)
بین الاقوامی کتاب میلے میں ایم آرپبلی کیشنز کے زیر اہتمام پروفیسر ابن کنول کی کتاب’’ اردو شاعری ‘‘کا اجراء فرماتے ہوئے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی ،حیدرآبادکے استاد پروفیسر فاروق بخشی نے کہا کہ پروفیسر ابن کنول کو اردو دنیا ایک افسانہ نگار کے طور پر جانتی ہے اور ان کی شہرت و عظمت ان کے افسانوں کی وجہ سے ہی ہے ،لیکن ان کی اس کتاب کو دیکھ کر اندازہ ہوا کہ ایک افسانہ نگار جب تنقید لکھتا ہے تو اس کی تنقید میں بھی تخلیقیت کی جھلک ملتی ہے ،انہوں نے کہاکہ اس کتاب کی ورق گردانی سے اندازہ ہوا کہ تقریبا تمام مشہور ومعروف شعراء پر انہوں نے مضامین قلم بند کیے ہیں ،اور اس کتاب کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ تمام مضامین بہت ہی عام فہم اور سادہ زبان میں تحریر کیے گئے ہیں ،اردوشاعری کے مصنف اور دہلی یونیورسٹی کے سینیر استاد پروفیسر ابن کنول نے اپنی کتاب کا تعارف کراتے ہوئے کہاکہ اس کتاب میں کلاسیکل شعرا افضل پانی پتی،ولی دکنی،میر،نظیراکبرآبادی ،مصحفی ،غالب،مومن کے علاوہ اقبال ،حسرت ،فراق،مخدوم، فیض ،ن م راشداور کیفی اعظمی تک چودہ مشہور ومعروف شعرا پر مضامین موجود ہیں ،تقریبا تمام مضامین میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ شعراء کے کلام کی خوبیوں اور ان کی شاعری پر گفتگو کے ساتھ ساتھ مختصر طورپر ان کی زندگی کو بھی پیش کیاجائے تاکہ شعرا کے کلام اور اس کے پس منظر کو سمجھنے میں کوئی دشواری نہ ہو،دیال سنگھ کالج کے مہمان استاد ڈاکٹرمحمد ارشد نے اس کتاب کے متعلق اپنی گفتگو میں کہا کہ اس میں زیادہ تر ان شعرا پرمضامین ہیں جو تقریبا تمام یونیورسیٹیوں میں شامل نصاب ہیں ،اس کتاب سے طلبہ واسکالر خاطر خواہ استفادہ کرسکتے ہیں ،اس پروگرام میں ڈاکٹرنگارعظیم، فاروق ارگلی،میکش امروہوی،طارق منظور،احمد علوی،ڈاکٹر عطیہ رئیس،نیشنل بک ٹرسٹ کے ڈپٹی ڈائرکٹرعمران احمد،عبد الصمد،ڈاکٹراشرف علی کے علاوہ دہلی یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالرس عادل احسان ،عبدالرحمن ،طفیل علیمی،مسعود عالم،شاداب شمیم،فیروز احمد،نثار احمد ،شاہ رخ عبیر،فراز احمد وغیرہ نے شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں