154

پنت کی طوفانی اننگ بھی دہلی کو نہیں دلا سکی جیت

نئی دہلی: نوجوان وکٹ کیپر بلے باز آر پنت (ناٹ آوٹ 128رن) کی بہترین اننگز کے باوجود دہلی ڈےئر ڈیولس سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف آئی پی ایل ۔11کے کرو یا مرو مقابلہ میں جمعرات کو فروز شاہ کوٹلہ میدان میں نو وکٹ سے شکست کھاکر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ دہلی نے حالانکہ 20اوور میں پانچ وکٹ پر 187رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا لیکن دہلی کے گیند بازوں نے پنت کی محنت پر پانی پھیر دیا۔
حیدرآباد نے ایک وکٹ پر 191رن بناکر شان کے ساتھ پلے آف میں جگہ بنالی۔ حیدرآباد کی گیارہ میچوں میں یہ نویں جیت ہے اور اس کے 18پوائنٹ ہوگئے ہیں۔ دہلی کو گیارہ میچوں میں آٹھویں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس کا آئی پی ایل۔11کا سفر تین میچ باقی رہتے ہی ختم ہوگیا

ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم سمجھی جارہی حیدرآباد نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اوپنر ایلکس ہیلس (14) کو حالانکہ پندرہ کے اسکور پر گنوایا لیکن شکھر دھون (ناٹ آوٹ 92) اور کپتان کین ولیمسن (ناٹ آوٹ 83) نے دوسرے وکٹ کے لئے محض 102گیندوں میں 176رن کی ناٹ آوٹ شراکت کرکے دہلی کی امیدوں کو چکنا چور کردیا۔
شکھر نے اپنے گھریلو میدان میں پچاس گیندوں پر نو چوکوں او چار چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 92رن کی اننگز کھیلی جبکہ زبردست فارم میں چل رہے ولیمسن نے 53گیندوں میں آ ٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 83رن بناکر حیدرآباد کو پلے آف میں پہنچا دیا۔ دہلی کی حالت دیکھ کر ناظرین نے پندرہ اوور سے پہلے ہی میدان خالی کرنا شروع کردیا۔ پنت نے اپنی زندگی کی بہترے اننگز کھیلی لیکن دہلی کے گیند بازوں نے ٹورنامنٹ کا اپنی سب سے خراب کارکردگی کرکے گھریلو ناظرین کو مایوس کردیا۔اس سے پہلے پنت نے دہلی کو تین وکٹ پر 43رن کی نازک حالت سے باہر نکالا اور شاندار سنچری بنائی۔ انہوں نے اپنے 100رن 56گیندوں میں 13چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے پورے کئے۔ ان کے پہلے پچاس رن 36گیندوں میں جبکہ اگلے 50رن انہوں نے صرف 20گیندوں میں بنائے۔پنت نے اپنے کیریر کا بہترین اسکور بنایا اور 63گیندوں میں 15چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 128رن بناکرپویلین واپس گئے۔

پنت نے اپنی سنچری اننگز کے دوران آئی پی ایل میں اپنے ایک ہزار رن بھی پورے کرلئے۔ پنت کی یہ پہلی آئی پی ایل سنچری ہے اور وہ اس ٹورنامنٹ میں سنچری بنانے والے تیسرے بلے باز بن گئے۔ پنت کا اس سے پہلے بہترین اسکور 116رن تھا ۔ پنت نے ہرشل پٹیل (24) کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 55رن کی اہم شراکت داری کی۔ انہوں نے پھر گلین میکسویل کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے 63رن جوڑے جس میں میکسویل کے صرف 9رن تھے۔
دہلی کا جہاں دس اوور میں اسکور صرف 52رن تھا وہیں پنت کے زبردست حملوں سے اس کا اسکور 20اوور ختم ہونے پر 187رن پر پہنچ گیا۔ دہلی نے آخری دس اوور میں 135رن بنائے۔ پنت نے بھونیشور کمار کے اننگز کے آخری اوور میں 4,4,6,6,6لگاتے ہوئے 26رن بنائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں