198

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جاسنڈا کے لیے دعا

فضیل احمد ناصری

گہر سے کر دے مالا مال جاسِنڈا کے دامن کو
خدایا دیں عطا فرما تو اس خاتونِ آہن کو

یہ وہ بندی ہے تیری، جس نے دل جیتا ہے امت کا
سجایا ہے ترے ناموں سے اس نے اپنے گلشن کو

اسی سے ارضِ نیوزی لینڈ میں تیری اذاں گونجی
ملی پھر راہ اس سے امنِ انسانی کے ساون کو

زمانے بھر کے بو جہلوں کو وہ آئینہ دکھلایا
کہ رستہ مل گیا سیدھا ، جہاں کے سارے رہزن کو

بتایا اس نے عالم کو ، قیادت کس کو کہتے ہیں
کیا کوتاہ قامت اس نے افرنگی مہاجن کو

مسلمانوں کے گھاؤ مندمل ہیں اس کے مرہم سے
وہ عیسائی ہے ، پر حیرت میں ڈالا ہے بَرَہمن کو

شرافت، خوش بیانی، خندہ پیشانی، اماں کوشی
مسیحی ہے ، مگر رکھتی ہے آگے حق کے درپن کو

منور کر دے نورِ ملتِ بیضا سے دل اس کا
جِلا دے شمعِ حق سے ملتِ عَوجا کے آنگن کو

ہدایت ہے الہی صرف تیرے دستِ قدرت میں
اگر چاہے تو کر سکتا ہے تو رشکِ چمن بن کو

*افرنگی مہاجن*: یعنی امریکہ ۔
*ملتِ عوجا*: یعنی دنیائے کفر

کیٹاگری میں : نظم

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں