66

’’مانو‘‘ اور قومی کونسل کے اشتراک سے مدارس کے اساتذہ کے لیے تربیتی پروگرام کا انعقاد


مقررین نے مدارس میں دینی تعلیم کے ساتھ سائنس وٹکنالوجی سے استفادے پر زور دیا
حیدر آباد:10؍جنوری (پریس ریلیز)
کسی بھی قوم کی تر قی کے لیے موثر تعلیم نا گزیر ہے اور سائنس و تکنا لو جی کے ذریعے قوموں کی تر قی کی راہ ہموار ہو تی ہے۔ان خیا لات کا اظہار ڈاکٹر شیخ عقیل احمد،ڈائرکٹر،قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ( این سی پی یو ایل) نے اساتذہ کے تر بیتی پروگرام کے افتتا ح کے موقع پر یہاں آج کیا۔مر کز پیشہ ورانہ فروغ برائے اساتذۂ اردو ذریعۂ تعلیم (سی پی ڈی یو ایم ٹی)، مانو اور این سی پی یو ایل کے اشتراک سے مدارس کے اساتذہ کے تربیتی پروگرام کی افتتا حی تقریب میں بطور مہمان خصوصی ڈاکٹر شیخ عقیل احمدنے شرکت فرمائی۔انھوں نے مزیدکہا کہ تدریس ایک فن ہے اور کا میاب معلم بننے کے لیے با صلاحیت ہو نے کے ساتھ تدریس کے فن سے واقفیت نا گزیر ہے۔انھوں نے زور دے کر کہا کہ ادب کے ساتھ زبان کے فروغ دینے پر بھی پوری توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔مدارس کو دینی تعلیم کے ساتھ سائنس و تکنا لو جی سے استفادہ کرنا چاہیے تا کہ قوم کی تر قی کی راہ ہموار ہو۔انھوں نے کہا کہ اردو زبان کو مساجد کے ذریعہ اور گلی کو چوں میں فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے۔انھوں نے ادب اطفال کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی مقاصد حاصل کرنے کے لیے بدلتی ہوئی صورتِ حال کے مطابق تدریس ہو نی چاہیے۔افتتاحی اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے ڈاکٹر محمد اسلم پرویز،شیخ الجامعہ ،مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے کہا کہ عدل،اعتدال اور احسان پر مشتمل معاشرے کی تشکیل کے لیے موثر تعلیم نا گزیر ہے۔انھوں نے علوم کی تقسیم پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ علم حاصل کرنا فرض ہے اور کائنات کی نشانیوں کو سمجھنے کے لیے تعلیم و تفہیم ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ سوال پوچھے جانے کی حوصلہ افزائی ہو نی چاہیے اور معلم کو مثالوں کے ذریعے ہر سوال کا اطمینان بخش جواب دینے کی کوشش کر نی چاہیے۔انھو ں نے علم کو معرفت الٰہی کا وسیلہ قرار دیتے ہوئے اساتذہ کو شخصیت سازی اور افراد سازی پر توجہ مرکوز کرنے کی تاکید کی۔ پروفیسر ایچ خدیجہ بیگم ،ڈائرکٹر(انچارج) ، (سی پی ڈی یو ایم ٹی)،مانو نے خیر مقدمی کلمات پیش کیے اور تربیتی پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔افتتاحی اجلاس کی کارروائی مصباح انظر اسسٹنٹ پروفیسر نے چلائی اور ہدیہ تشکر ڈاکٹر محمد اکبر نے پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں