64

قومی اردوکونسل کے صدر دفترمیں منعقدہ طب یونانی پینل کی میٹنگ کا انعقاد

نئ دہلی :30/جولائ(پریس ریلیز)
طب یونانی ہمارا تہذیبی ورثہ ہے،اس کا تحفظ وفروغ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔اردو کو زندگی بخشنے میں طب یونانی کابھی بڑا رول رہاہے۔ ان خیالات کا اظہار قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے ڈائرکٹر ڈاکٹرشیخ عقل احمد نے کونسل کے صدر دفترمیں منعقدہ طب یونانی پینل کی میٹنگ میں کیا۔انھوں نے کہا کہ طب یونانی اور اردو کا گہرا رشتہ رہا ہے۔اسی لیے طب یونانی کا خاصا بڑا ذخیرہ اردو زبان میں موجود ہے۔ہندوستان میں طب یونانی کے ماہرین نے یونانی طریقہ ئ علاج کے لیے جس زبان کا سہارا لیا، وہ اردو ہی ہے۔اس طرح اردو کے ذریعہ طب یونانی کا اور طب یونانی کے ذریعہ اردو کا فروغ ہوتا رہاہے۔ دونوں کے باہمی رشتہ کورواں صدی میں بھی قائم رکھنے کی کوشش کی جائے اوراس سمت میں مثبت ومضبوط اقدامات کیے جائیں۔انھوں نے کہا کہ اپنی اس تاریخی وتہذیبی وراثت کے تحفظ وفروغ کے لیے قومی اردوکونسل گذشتہ کئی برسوں سے کام کررہی ہے اورکونسل سے یونانی طریقہئ علاج، یونانی ادویہ اورطب یونانی کی تاریخ پر کئی اہم کتابیں شائع ہوچکی ہیں اور اس حوالے سے مزید کئی کتابیں جلد ہی منظر عام پر آنے والی ہیں۔
ڈاکٹر محمد خالد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی اردو کونسل کی بڑی کامیابی ہے کہ اس نے قلیل مدت میں بڑے پیمانے پراردومیں طب یونانی سے متعلق موادکی اشاعت کو یقینی بنایااور متعدد اہم کتابیں شائع کرکے بڑا کارنامہ انجام دیا۔انھوں نے کہا کہ حال ہی میں کونسل نے صحت سے متعلق ایک اہم کتاب ’حفظان صحت‘شائع کی ہے اور امراض اطفال اورامراض نسواں سے متعلق کتابوں کی اشاعت کے ساتھ تاریخ طب، معالجات، جراحت، علم الادویہ اورکلیات ادویہ جیسی کتابیں زیر اشاعت ہیں۔ ڈاکٹر اشہر قدیر نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں ہم طب یونانی پر اچھی خاصی کتابیں شائع کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور اگلے چند سالوں میں یہ دائرہ مزید وسیع ہوجائے گا۔
میٹنگ میں نئے منصوبوں پربھی غوروخوض کیا گیا اور کئی اہم تجاویز سامنے آئیں۔ میٹنگ میں پروفیسر محمد ایوب، ڈاکٹر وسیم احمد،ڈاکٹر شمیم ارشاد اعظمی، ڈاکٹر محمد اکرم، حکیم وسیم احمد اعظمی، ڈاکٹر شبیر احمد کے علاوہ ڈاکٹر شمع کوثریزدانی اسسٹینٹ ڈائرکٹر اکیڈمک، ڈاکٹر محمد فیروز عالم اسسٹینٹ ایجوکیشن آفیسر، ذیشان فاطمہ اور یوسف رامپوری شریک رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں