76

شعبۂ اردو ،دہلی یونی ورسٹی کے زیرِ اہتمام جلسۂ تہنیت کا انعقاد


شعبۂ اردو، دہلی یونی ورسٹی کے زیراہتمام آج مورخہ ۳۱؍جولائی ۲۰۱۹ء بروز بدھ جلسۂ تہنیت کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ہندوستان کی مختلف جامعات سے اساتذہ صاحبان اور معروف ادباء و شعرا ء نے شرکت کی۔ اس جلسے کے دوران شعبۂ اردو میں زیرِتعلیم ایم۔ فل اورپی۔ایچ۔ڈی کے ریسرچ اسکالرز کا وایوا بھی ہوا۔یہ تہنیتی پروگرام دو اجلاس پر مشتمل تھا ۔اس جلسے میں جن اساتذۂ کرام نے شرکت کی ان میں جموں سے پروفیسر قدوس جاوید، پٹنہ سے پروفیسراعجاز علی ارشد،علی گڑھ سے پروفیسر غضنفر، کلکتہ سے پروفیسر دبیر احمد، حیدرآباد سے پروفیسر انوار الدین، لکھنؤ سے پروفیسر عباس رضا نیر،میرٹھ سے پروفیسر اسلم جمشیدپوری کے نام قابل ذکر ہیں۔ دہلی سے جواساتذہ صاحبان شریک ہوئے ان میں پروفیسرعتیق اللہ، پروفیسر شہپر رسول،پروفیسر انور پاشا، پروفیسر کوثر مظہری، پروفیسر احمد محفوظ،ڈاکٹر ندیم احمد،ڈاکٹر تنویر حسین وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔اس جلسے کی ایک خاص بات یہ رہی کہ اس میں شعبۂ اردو کے سابق استادپروفیسر عتیق اللہ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔جنھیں حال ہی میں دہلی اردو اکادمی کی جانب سے ’’دتاتریہ کیفی ایوارڈ‘‘سے سرفرازکیا گیا۔اعزازیہ تقریب میں عتیق اللہ صاحب کو شعبۂ اردو کے صدر و ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ارتضی کریم نے دیگر اساتذہ کی موجودگی میں شال اور سپاس نامہ پیش کیا۔پہلے اجلاس میں ریسرچ اسکالرز کا وائیوا ہوا جس کی نظامت ڈاکٹر متھن کمار نے کی جب کہ دوسرے اجلاس میں عتیق اللہ صاحب کو اعزازیہ پیش کیا گیا، جس کی نظامت کا فریضہ ڈاکٹر ارشاد نیازی نے انجام دیا۔
اس موقع پر پروفیسر ارتضیٰ کریم نے تمام ریسرچ اسکالرزکو مبارک باددی اور ان کو مستقبل کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔انھوں نے عتیق اللہ صاحب کو خاص طور پر مبارک باد دی اور کہا دہلی اردو اکادمی نے ان کا نام ایوارڈ کے لیے منتخب کرکے موصوف کا نہیں بلکہ ایوارڈ کی عزت بڑھا دی ہے۔اس پروگرام میں بیرون ریاست اور دہلی سے آئے ہوئے معزز اساتذۂ کرام نے بھی پروفیسر عتیق اللہ کو ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں ہدیۂ تہنیت پیش کیا۔پروفیسر غضنفرنے ان کی شخصیت پر بہت جامع خاکہ پیش کیا۔اظہار تشکر ڈاکٹر مشتاق قادری نے کیا۔اس موقع پر شعبۂ اردو کے جو اساتذۂ کرام موجود تھے، ان میں
ڈاکٹر محمد کاظم، ڈاکٹر ارجمند آرا، ڈاکٹر نجمہ رحمانی، ڈاکٹر شاذیہ عمیر،ڈاکٹر علی احمد ادریسی، ڈاکٹر ساجد حسین، ڈاکٹر مظفرالحسن، ڈاکٹر دانش خان، ڈاکٹرشبیر احمد، داکٹر سرفراز احمد، ڈاکٹر عطیہ، ڈاکٹر رغبت شمیم ملک، غلام نبی کمار، شاہد اقبال کے علاوہ دیگرطلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں