37

اردواکادمی کے زیراہتمام مہاتماگاندھی کے 150ویں یوم پیدائش کے موقع پرکل ہندمشاعرے کاانعقاد


نئی دہلی:
اردواکادمی،دہلی کے زیراہتمام فروٹ مارکیٹ،سیلم پور،دہلی میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے 150ویں یوم پیدائش کے موقع پرکل ہندمشاعرے کاانعقادکیاگیا،جس کی صدارت علاقے کے ایم ایل اے حاجی اشراق خان نے کی جب کہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے ممبر راجیہ سبھا سنجے سنگھ نے شرکت کی۔اس موقع پرمعروف وممتازشاعراوراردواکادمی،دہلی کے وائس چیئرمین پروفیسرشہپر رسول نے شعرااورسامعین کے اژدھام کااستقبال کرتے ہوئے کہاکہ آج کا یہ مشاعرہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے150ویں یوم پیدائش کے موقع پرمنعقد کیاجارہاہے۔ مہاتما گاندھی نے ملک کو آزاد کرانے اور مشترکہ تہذیب کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیاہے۔ہندوستان کے لیے مہاتماگاندھی کی خدمات رہتی دنیا تک یادکی جاتی رہیں گی،مہاتمانے کبھی اقوام میں تفریق نہیں کی۔انھوں نے ایسے ہندوستان کا خواب دیکھا تھا،جہاں مختلف اقوام امن وآشتی کے ساتھ زندہ رہ سکیں اورآپسی میل ملاپ کے ساتھ زندگی کے سفرمیں آگے بڑھیں۔بابائے قوم نے ہمیشہ مشترکہ تہذیب کے فروغ وبقا کی جدوجہدکی،بابائے قوم کی اسی مشترکہ تہذیب کو مزید فروغ دینے کی آج اشد ضرورت ہے۔انھوں نے مزید کہاکہ کچھ شخصیات ایسی ہوتی ہیں،جو زمانہ ساز ہوتی ہیں، ان میں ایک اہم نام مہاتما گاندھی کا ہے۔جس زمانے میں وہ تھے اسے آپ گاندھی کا عہد کہہ سکتے ہیں۔دہلی حکومت مشترکہ تہذیب وتمدن کے فروغ کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہے۔اکادمی کے تمام پروگراموں میں دہلی حکومت کی خصوصی دلچسپی شامل ہوتی ہے۔اس مشاعرے کامقصدبھی مشترکہ تہذیب کوفروغ دینااورمہاتما کوخراج عقیدت پیش کرنا ہے۔مشترکہ تہذیب،بھائی چارے اورامن وآشتی کے ماحول کی بقاکویقینی بناناہی مہاتما کوسچاخراج عقیدت پیش ہوگا۔
مہمانِ خصوصی سنجے سنگھ نے بابائے قوم مہاتماگاندھی کے ۱۵۰ویں یومِ پیدائش کے موقع پر کل مشاعرہ منعقد کرنے کے لیے اردو اکادمی، دہلی، حکومتِ دہلی اور حاجی محمد اشراق خاں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا گاندھی جی نے جو اہنسا کا پیغام دیا ہے اس پر عمل کرنے کی آج اشد ضرورت ہے۔ ہم باپو کے بتائے ہوئے راستوں پر چل کر ہی ایک اچھے ہندوستان کی تعمیر کرسکتے ہیں۔ ہندومسلم ایکتا کو بنائے رکھنے کے لیے یہ مشاعرہ وقت کی ایک اہم ضرورت ہے کیوں کہ شعرا قومی یکجہتی کی جو بات اپنے اشعار کے ذریعے کہتے ہیں وہ دور تک پہنچتی ہے۔
مشاعرے کے صدرحاجی محمد اشراق خان،ایم ایل اے سیلم پوراسمبلی حلقہ نے صدارتی گفتگو میں کہا کہ میں تمام سامعین اورشعراکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔میں اردواکادمی کابھی شکرگزارہوں کہ اکادمی کی طرف سے ہمارے اسمبلی حلقے میں مہاتماگاندھی کے یوم پیدائش کے موقع پرکل ہندمشاعرہ منعقدکیا۔یہ نہ صرف میرے لیے بلکہ پورے علاقے کے عوام کے لیے فخرکی بات ہے۔مہاتما گاندھی نے اپنی پوری زندگی ہندوستان اورہندوستانیوں کے لیے صرف کی۔امن وآشتی،بھائی چارے کی فضابحال کرنے کے لیے کوشاں رہے۔مہاتما گاندھی جیسی شخصیات برسوں اورصدیوں میں پیداہوتی ہیں،جن پرزمانہ ناز کرتاہے۔ہم تمام ہندوستانی بھی اپنے مہاتما پرفخرکرتے ہیں کہ انھوں نے ملک میں ایساماحول بنایاجہاں مختلف اقوام امن وچین کے ساتھ رہ سکتے ہیں۔
اس مشاعرے میں اوکھلا کے ایم۔ ایل۔ اے اور چیئرمین دہلی وقف بورڈ امانت اللہ خاں نے بھی شرکت کی اور اظہارِ خیال بھی کیا۔ مشاعرے میں حاجی اشراق نے امانت اللہ خاں اور سنجے سنگھ کا پھولوں سے استقبال کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں