129

ابو ظہبی عالمی کتاب میلے میں قومی اردو کونسل کے زیر اہتمام مہجری شعرا کی محفل شعر وسخن کا انعقاد


ابوظہبی۔قومی اردو کونسل پوری دنیا کا سب سے بڑا اردو ادارہ ہے اور یہ ادارہ اردو کی ترویج و اشاعت کے لیے وقف ہے۔ حکومت ہند کی نوڈل ایجنسی کے طور پر کام کر رہے اس ادارے کا مرکز و محور یوں تو ہندوستان ہے لیکن ہم کونسل کے دائرہ کار کو پوری دنیا تک پھیلانا چاہتے ہیں۔ قومی اردو کونسل عالمی سطح پر اردو کا فروغ چاہتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جہاں جہاں اردو جاننے والے موجود ہوں وہاں کونسل کی سرگرمیاں اور پروگراموں کا انعقاد ہو۔مشاعروں نے اردو زبان و ادب کی ترقی میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ آج ہم نے ابوظہبی عالمی کتاب میلے میں بھی ایک اچھوتے مضوع پر ایک محفل شعر سخن کا انعقاد کیا ہے جس میں مہجری شعرا نے اپنے عمدہ کلام سے نوازا اور داد و تحسین وصول کی۔یہ الفاظ تھے قومی اردوکونسل کے ہردلعزیز اور فعال ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد کے،جو ان دنوں ابوظہبی کے عالمی کتاب میلے میں قومی اردو کونسل کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے کونسل کا تعارف بھی پیش کیا ساتھ ہی مختلف اسکیموں اور پروگراموں کی تفصیلات بھی بتائیں۔انھوں نے مزید کہا کہ اردو ہماری اور آپ سب کی زبان ہے۔ ہم سب کو انفرادی طور پر بھی فروغ اردو کے لیے کوششیں کرنی ہوں گی۔ ہندوستان کی مرکزی حکومت بھی اردو کی ترقی کے لیے پابند عہد ہے اور ہمیں ہر ممکن تعاون دیتی رہی ہے۔ابھی حال ہی میں ہم نے عالمی اردو کانفرنس کا بھی انعقاد کیا تھا جس میں دنیا کے ایک درجن سے زائد ملکوں سے مندوبین تشریف لائے تھے اور یہ کانفرنس بے حد کامیاب ہوئی۔
کل شام منعقد کی گئی محفل شعر و سخن کی صدارت متحدہ عرب امارات کے مشہور شاعر جناب زبیر فاروق نے کی جب کہ نظامت کے فرائض شاداب الفت نے انجام دیے۔اس مشاعرے میں جناب اعجاز شاہین،سرور نیپالی، جاوید صدیقی، احیا بھوج پوری،سروش آصف، ناصر نعیم، شہباز شمسی، نیہا شرما، مادھو نور، ترنم احمد وغیرہ نے اپنے کلام پیش کیے۔اس محفل کا آغاز نیشنل بک ٹرسٹ آف انڈیا میں اردو ایڈیٹر ڈاکٹر شمس اقبال کے استقبالیہ خطبے سے ہوا۔ قومی اردو کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شیخ عقیل احمد نے آخر میں اظہار تشکر بھی کیا۔اس محفل شعر و سخن کے اہتمام میں بزم اردو دبئی اور بزم کے جنرل سکریٹری ریحان خاں نے کلیدی رول ادا کیا۔واضح ہو کہ 24 سے 30 اپریل تک منعقدہ اس عالمی کتاب میلے میں ہندوستان بطور گیسٹ آف آنر شرکت کر رہا ہے۔قومی اردو کونسل کے اسٹال پر بھی اردو کے چاہنے والے پہنچ رہے ہیں اور کتابیں بھی خرید رہے ہیں۔ اس میلے میں کونسل کے ریسرچ آفیسر جناب شاہنواز خرم بھی شرکت کرہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں